لاہور:( کامرس رپورٹر)حکومت نے رات کے اندھیرے میں مہنگائی بم گرایا،قیمتوں میں اضافے کی شفاف تحقیقات اور مارجن نہ بڑھایا تو 26 مارچ سے ملک گیر ہڑتال کرینگے،پٹرولیم ڈیلرز نے دھمکی دے دی۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اب تنگ آگئے ،پریشانی کے عالم میں ہیں، پٹرول نہیں مل رہا ،ڈیلرز کےساتھ زیادتی ہورہی ہے،آئندہ شرافت سے بات نہیں کریں گے،لیوی میں 21روپے اضافہ سراسر ظلم ،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ریکارڈ چیک کیا جائے 55روپے لٹر کا فائدہ کس کو پہنچا، وزیر پٹرولیم ملاقات کرنے کو تیار نہیں ،ملک کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز ، پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ایڈوانس ٹیکس دیتے ہیں۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن نے کہا حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل مہنگا کیا، 2روپے لیوی بڑھائی گئی باقی کے 36 روپے لٹرکس کی جیب میں گئے؟ 55روپے اضافے پر شفاف تحقیقات کی جائیں،مارجن 2سال قبل بڑھانے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا،55 روپے لٹرتیل مہنگا ہونے سے خریدنے کیلئے لاگت بڑھ گئی ، آئل مارکیٹنگ کمپنیز کواربوں کا فائدہ پہنچایا گیا۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماوں نے کہا قیمتوں میں اضافے کی شفاف تحقیقات اور مارجن نہ بڑھایا گیا تو 26 مارچ سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرینگے، وزیراعظم پہلے اپنے بارڈر ،محکموں کو ڈیجیٹائز کریں،رمضان میں عوام کو پریشان نہیں کرنا چاہتے،26مارچ تک کی ڈیڈلائن دے رہے ہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافہ نامنظور ہے،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ذخیرہ اندوزی کیلئے حکومتی سطح پر معاونت کی گئی۔
پٹرولیم ڈیلرزنے 26 مارچ سے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دےدی



















