بجلی ٹیرف میں اضافہ، ملک بھر کی صنعتوں کیلئے مشکلات

لاہور (نعیم جاوید) صنعتی بجلی کے خصوصی اور مراعاتی ٹیرف میں اضافے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور دیگر اضافی چارجز نے لاہور سمیت ملک بھر کی صنعتوں کیلئے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صنعتی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ صنعتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی بجلی کے نرخ علاقائی ممالک کے برابر لائے جائیں اور بجلی کے بلوں میں شامل غیر ضروری ٹیکسوں، سرچارجز اور مقررہ چارجز پر نظرثانی کی جائے۔ لاہور چیمبر اور پیاف کے نمائندوں کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے بجلی کے خصوصی نرخ میں اضافے کا فیصلہ صنعتکاروں کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے اضافی بجلی کے استعمال کے تحت صنعتی و زرعی صارفین کیلئے خصوصی پیکیج کا نرخ 22 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ مقرر کیا ہے۔ یہ تبدیلی نومبر 2026 کے بجلی کے بلوں سے نافذ ہوگی۔ تاہم پاور ڈویژن نے وضاحت کی ہے کہ یہ اضافہ عمومی صنعتی بجلی کے نرخ میں نہیں بلکہ صرف اضافی بجلی کے استعمال پر دئیے جانے والے پیکیج میں کیا گیا ہے صنعتکاروں کیلئے ایک اور تشویش فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی وصولی ہے۔ نیپرا نے ستمبر 2026 کی ماہانہ فیول لاگت کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت تمام صارفین کیلئے 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافی وصولی کی منظوری دی ہے، جس کے ذریعے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تقریباً 25 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس طرح اضافی بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں کو خصوصی پیکیج کے نرخ میں اضافے کے ساتھ فیول ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ بھی برداشت کرنا پڑے گاصنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ، کیپیسٹی چارجز، بجلی کے مقررہ ماہانہ اخراجات اور دیگر ٹیکسوں کی وجہ سے اصل مالی بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ لاہور کی صنعتوں بالخصوص چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کیلئے یہ اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ صنعتکاروں کے مطابق بجلی مہنگی ہونے سے پیداواری لاگت بڑھتی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں حریف ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہو جاتی ہیںصنعتی بجلی کے خصوصی پیکیج میں اضافے کے فیصلے پر نیپرا کے اندر بھی اختلاف سامنے آیا ہے۔ نیپرا کی رکن ٹیرف آمنہ احمد اور رکن ترقیاتی امور مقصود انور نے مشترکہ اختلافی نوٹ میں 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کے نرخ کو مستند اعدادوشمار سے غیر ثابت شدہ قرار دیا اور اپنے حساب کے مطابق اضافی بجلی کی اصل پیداواری لاگت 31 روپے 83 پیسے فی یونٹ بتائی۔ اتھارٹی میں دو دو ووٹ برابر ہونے کے بعد چیئرمین نیپرا نے اپنا فیصلہ کن ووٹ استعمال کرتے ہوئے نئے نرخ کی منظوری دی۔ اختلافی ارکان نے پیکیج کو مستند لاگت کے تعین تک معطل کرنے کی سفارش بھی کی تھی دوسری جانب پاور ڈویژن کا موقف ہے کہ اضافی بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے اور عالمی حالات کے باعث خصوصی پیکیج کے نرخ میں ردوبدل کیا گیا ہے تاکہ اس رعایت کا مالی بوجھ ان صارفین پر منتقل نہ ہو جو اس پیکیج سے فائدہ نہیں اٹھا رہے۔ حکومتی وضاحت کے مطابق مارچ 2024 کے مقابلے میں صنعتی بجلی کے مجموعی نرخ میں ٹیکس سمیت تقریباً 18 روپے 94 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جبکہ اکتوبر 2026 میں اوسط صنعتی نرخ ٹیکسوں کے بغیر 34 روپے 40 پیسے فی یونٹ رہا۔ پاور ڈویژن کے مطابق خصوصی پیکیج کے تحت دسمبر 2025 سے ستمبر 2026 تک صارفین کو تقریباً 43 ارب 50 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا گیالاہور چیمبر اور پیاف کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ صنعتی بجلی کے نرخوں کو علاقائی حریف ممالک کی سطح پر لانے کیلئے جامع پالیسی اختیار کی جائے، بجلی کے بلوں سے غیر ضروری ٹیکسوں اور سرچارجز کا خاتمہ کیا جائے اور مقررہ ماہانہ چارجز کے نظام پر نظرثانی کی جائے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی اصل کھپت کے مطابق بلنگ ہونی چاہیے اور ایسے مقررہ اخراجات کا بوجھ کم کیا جائے جو صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں سے براہ راست مطابقت نہیں رکھتے صنعتی نمائندوں نے بجلی گھروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور بجلی کے شعبے میں کیپیسٹی چارجز کے نظام پر بھی نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق بجلی استعمال نہ ہونے کے باوجود پیداواری صلاحیت کے عوض ادائیگیوں کا بوجھ بالآخر صنعتی صارفین سمیت تمام بجلی صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے، ترسیلی نظام کی بہتری اور بجلی کے شعبے کے مالی مسائل حل کرنے کیلئے طویل المدتی اقدامات کرے۔