اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کا انعقاد احسن اقدام ہے، گورننس فورم معاشی اور اقتصادی حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی اہم چیلنجز ہیں، مو سمیاتی تبدیلی سے آنے والے نقصانات سے بچنا ناگزیر ہے، آبادی کا غیر معمولی اضافہ خوراک جیسے چیلنج پیدا کر رہا ہے، حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے برآمدات میں اضافہ یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں” پاکستان گورننس فورم 2026 “سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ قدرتی آفات خصوصاً سیلاب کے باعث ہماری فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں اور سب سے زیادہ نقصان غریب کسانوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غریب شخص جو ٹھیکے پر زمین لے کر کاشتکاری کرتا ہے، جب اس کی زمین 7 سے 8 فٹ پانی میں ڈوب جاتی ہے اور جب 4 ماہ بعد پانی اترتا ہے تو اس کے پاس دوبارہ بیج اور کھاد خریدنے کیلئے وسائل موجود نہیں ہوتے۔ جو فصل آئندہ کچھ ماہ کے اخراجات پورے کرنے کا ذریعہ بنتی، وہ بھی بہہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیلاب سے ہونے والا نقصان مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 9.8 فیصد تک پہنچ جاتا ہے اور یہ وسائل صرف نقصانات کے ازالے پر صرف ہو جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا ہے پاکستان گورننس فورم کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ بدھ کوپاکستان گورننس فورم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان گورننس فورم کے انعقاد پر وزارت منصوبہ بندی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات میں وزارت پارلیمانی امور کا کردار انتہائی کلیدی اور اہم ہے، ملک اور اداروں کو فعال طریقے سے چلانے میں ہر وزارت کی ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت نظامِ انصاف میں جامع اصلاحات کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے تاکہ عدالتی عمل کو مزید شفاف، مو¿ثر اور عوام دوست بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان گورننس فورم 2026 سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت قانونی و عدالتی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے عوام کو بروقت اور آسان انصاف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کوڈ کے ذریعے قوانین تک رسائی کو عام کیا گیا ہے جبکہ دستاویزی و ذخیرہ جاتی نظام کے تحت 176 برس پر محیط قانون سازی کا ریکارڈ ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا جا چکا ہے۔سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کا قیام شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے سنگ میل ثابت ہوگا، جوابدہی کے عمل کےلئے بہتر گورننس بے انتہا اہمیت کی حامل ہے، گورننس کا آغازہمیشہ گھر سے ہوتا ہے اسی لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سنیارٹی ، فٹنس اور ٹیسٹ کے نظام کو بہتر بنایا گیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے زیر اہتمام ”پاکستان گورننس فورم“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے دور میں گورننس کو بہتر بنانے اور شفافیت لانے کےلئے ”پاکستان گورننس فورم“ کا قیام بے انتہا اہمیت کا حامل ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کےلئے سیاسی استحکام اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہوتی ہے، اس لئے یہ ادارہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
پاکستان گورننس فورم معاشی اور اقتصادی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا: وفاقی وزرا



















