حکومت کا ایل پی جی سستی کرنے کا اعلان،فیصلے پر عملدرآمد سوالیہ نشان

لاہور (رپورٹ: نعےم جاوےد/ عکاسی: شاہنواز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی کلو کمی کے اعلان کے بعد شہریوں نے ریلیف کی امید باندھ لی تاہم شہر میں اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد تاحال سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ سرکاری سطح پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمی کا اطلاق فوری طور پر ہونا تھا لیکن مختلف علاقوں میں صارفین کو پرانی قیمتوں پر ہی گیس فروخت کئے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والوں سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں معمولی کمی ضرور کی گئی ہے، تاہم کئی دکانداروں نے فی کلو ریٹ میں مکمل 2 روپے 52 پیسے کی کمی منتقل نہیں کی۔ بعض مقامات پر فی کلو صرف ایک سے ڈیڑھ روپے تک کمی دیکھنے میں آئی، جبکہ کچھ علاقوں میں قیمتیں جوں کی توں برقرار رہیں۔ روز نامہ مشرق لاہپور سے گفتگو کرتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ سرکاری اعلان اور مارکیٹ ریٹ میں واضح فرق پایا جا رہا ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا موقف ہے کہ اوگرا کی جانب سے قیمت میں کمی کا اطلاق پیداواری سطح پر ہوتا ہے، مگر مقامی سطح پر ٹرانسپورٹیشن اخراجات، لوڈنگ ان لوڈنگ چارجز، دکانوں کے کرائے اور دیگر اخراجات کی وجہ سے مکمل کمی منتقل کرنا ممکن نہیں رہتا۔ بعض ریٹیلرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں ہول سیل سطح پر بھی مکمل رعایت نہیں ملی، اسلئے وہ صارفین کو مکمل ریلیف دینے سے قاصر ہیں۔گلبرگ کے رہاشی احمد شاہ کا کہنا ہے کہ جب قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو فوری طور پر اس کا بوجھ صارفین پر ڈال دیا جاتا ہے، لیکن کمی کی صورت میں تاخیری حربے استعمال کئے جاتے ہیں۔ گھریلو صارفین، خصوصاً وہ طبقہ جو قدرتی گیس کی بندش کے باعث ایل پی جی پر انحصار کرتا ہے، اس صورتحال سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اعلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نرخ نامے چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ تاہم تاحال بڑے پیمانے پر جرمانوں یا لائسنس معطلی کی کوئی واضح اطلاع سامنے نہیں آئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مانیٹرنگ کا نظام موثر نہ ہو تو قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک منتقل نہیں ہو پاتا۔مجموعی طور پر شہر میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اثر محدود دکھائی دیتا ہے۔ اگرچہ بعض مقامات پر جزوی ریلیف دیا گیا، تاہم مکمل 2 روپے 52 پیسے فی کلو کمی ہر جگہ نافذ نہیں ہو سکی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر کریک ڈاون کریں تاکہ سرکاری اعلان محض کاغذی کارروائی نہ بن کر رہ جائے بلکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔