تہران (مشرق نیوز) ایران کے فوجی ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو خطے کی کوئی بھی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ایرانی افواج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خلیجی بندرگاہیں یا تو سب کیلئے محفوظ ہوں گی یا کسی کیلئے نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر امریکی پابندیاں غیرقانونی ہیں اور یہ عمل بحری قزاقی کے مترادف ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی دھمکیوں کے بعد ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کیلئے ایک مستقل نظام نافذ کرنے جا رہا ہے جس کے تحت سمندری نقل و حرکت کو منظم کیا جائیگا۔
انکا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیگا اور اگر اس کی بندرگاہوں یا بحری راستوں کو نشانہ بنایا گیا تو اسکے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے۔ ماہرین کے مطابق ایران کے اس بیان سے خلیجی خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ آبنائے ہرمز اور خلیج عمان عالمی توانائی سپلائی کیلئے انتہائی اہم سمندری راستے ہیں۔
ہماری بندرگاہوں پر حملہ ہوا تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہیگا: پاسداران انقلاب



















